Translate

20--Death--موت




باب نمبر۹: موت 


ہاں  ہاں  جب جان گلے  کو پہنچ جائے  گیO
 اور کہیں  گے  کہ ہے  کوئی جھاڑپھونک کر لے اور وہ سمجھ لے  گا کہ یہ جدائی کی گھڑی ہے O
اور پنڈلی سے  پنڈلی لپٹ جائے  گیO
اس دن تیرے  رب ہی کی طرف ہانکنا ہے O  ۲۶۔ ۳۰ (۷۵)

۹۹۔ موت
۱۰۰۔ زندگی
۱۰۱۔ موت کی تعریف۔                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                   ۱۰۲۔ جسم میں  روح کی عدم موجودگی۔                                                         
  (i)خلیاتی تخریب۔     
(ii)۔ فالج۔
(iii)نیند                                                                           
(۴)  موت
۱۰۳۔ موت کیا ہے۔                                                                                                               
۱۰۴۔ روح کا رابطہ۔                                                                                                                
۱۰۵۔ موت کا وقت۔                                                                                                              
۱۰۶۔ ری وائینڈ                                                                                                               
۱۰۷۔ فیتہ کاٹ دیا گیا                                                                                                            
۱۰۸۔ موت کا عمل                                                                                       
۱۰۹۔ روح کی واپسی                                                                                                              
۱۱۰۔ روح نکلنے  کے  بعد                                                                                 
(i)۔ بے  حرکت
(ii)۔ انتشار                                                                                
۱۱۱۔ موت کا خلاصہ                                                                                                         
۱۱۲۔ جسم کی موت                                                                                                                                                                                       


99۔ موت


آج جدید تحقیقات کی روشنی میں  ہم انسانی جسم کا بہت زیادہ علم رکھتے  ہیں اور اسی علم کی روشنی میں  آج ہم انسانی اعضاء عناصر جسمانی عوامل سب سے  واقف ہیں  لیکن ہر لحاظ سے  منفرد یہ خون گوشت عضلات رگ پٹھوں  خلیوں  کا مجموعہ جسم جب موت کا شکار ہوتا ہے  تو یہ کائنات کی انتہائی پیچیدہ مشینری مادی جسم موت کی صورت یک لخت غیر متحرک ہو جاتی ہے۔ اور نہ صرف غیر متحرک ہوتی ہے  بلکہ موت کے  بعد کچھ ہی دنوں  میں  پانچ چھ فٹ کے  متحرک وجود کا نشان ہی نہیں  ہوتا۔ کچھ ہی دنوں  میں  پورا وجود بے  نشان ہو جاتا ہے۔ یا مٹی میں  مل کر مٹی ہی کا حصہ بن جاتا ہے۔ اب شناخت مشکل ہے  کہ مٹی کونسی ہے اور جسمانی ذرات کونسے  ہیں۔
پورا متحرک وجود جو چند دن پہلے  موجود تھا موت کے  بعد اس وجود کا نشان ہی نہ رہا۔ ہڈیاں  خون گوشت پوری جسمانی مشینری فقط موت کی صورت میں  ہر شے  کا نشان مٹ گیا۔ آخر کیسے؟
تمام تر دماغی و جسمانی صلاحیتوں  والا تندرست و توانا وجود کیسے  موت کی صورت میں  یکلخت بے  حرکت اور بے  نشان ہو جاتا ہے۔
آخر کیا ہے  یہ موت؟
 خلیوں  کی تخریب، بیماری، حادثہ، طبعی موت سائنسدان موت کی یہ اور اس جیسی بہت سی وجوہات بیان کرتے  ہیں لیکن درحقیقت یہ اور اس جیسی تمام وجوہات موت کی وجوہات نہیں  ہیں  نہ ہی کسی بیماری یا حادثے  سے  موت واقع ہوتی ہے۔ اس لئے  کہ ان  تمام وجوہات کی موجودگی میں  بھی انسان زندہ ہوتا ہے۔ لہذا یہ تمام وجوہات موت کی وجوہات نہیں  ہیں۔ درحقیقت موت کی وجہ کچھ اور ہی ہے  !
لہذا اب ہمیں  جان ہی لینا چاہیے  کہ آخر وہ کیا شے  ہے  جس کی وجہ سے  یہ جسمانی مشینری متحرک ہے ، موجود ہے اور آخر وہ کیا شے  ہے  جس کی غیر موجودگی سے  یہ انتہائی فعال مشینری یکلخت
(i)  بے  حرکت ہو جاتی ہے۔      (ii) اور پھر بے  نشان ہو جاتی ہے۔
مادی جسم پہ صدیوں  کی تمامتر سائنسی تحقیق و تجربات کے  باوجود ہم جسم کے  وجود اور موت کی صورت میں  وجود کی عدم موجودگی کا سبب دریافت نہیں  کر پائے  ہیں ، نہ ہی ابھی تک ہم زندگی یا موت کی تعریف کر پائے  ہیں۔ آئیے  جاننے  کی کوشش کرتے  ہیں  کہ جسم کی زندگی کیا ہے ؟ اور موت کیا ہے؟


100۔ زندگی

  نظریہ نمبر۔ ﴿134﴾۔ ﴿مادی جسم میں  روح کی موجودگی کا نام زندگی ہے۔ ﴾
جب تک اجسام میں  روح موجود ہے  اجسام زندہ ہیں اور جب روح جسم میں  سے  نکل جاتی ہے  تو جسم بے  حرکت اور مردہ ہو جاتا ہے۔
بیماری، حادثہ یا معذوری ہونے  کے  باوجود انسان زندہ ہوتا ہے  بعض اوقات مہلک بیماری کا شکار مریض جس کی زندگی کی امید نہیں  برسوں  زندہ رہتا ہے۔
 بعض اوقات طبعی طور پر انسان پہ موت طاری ہو جاتی ہے  لیکن وہ زندہ ہوتا ہے۔
بعض دفعہ کوما کی حالت میں  ہوتا ہے  لیکن زندہ ہوتا ہے۔
بعض دفعہ کسی سنگین حادثے  میں  جسمانی اعضاء ضائع ہو جاتے  ہیں  بعض دفعہ دماغی توازن کھو بیٹھتا ہے  بعض دفعہ حرکت و عمل سے  محروم ہو جاتا ہے  لیکن زندہ  ہوتا ہے ، زندہ رہتا ہے۔
نیند کی حالت بھی کوما یا موت کی سی ہے  لیکن انسان زندہ ہے  کیوں اور کیسے؟
روح کے  سبب!
جب تک روح جسم میں  ہے  ٹکڑے  ٹکڑے  ہی کیوں  نہ کر دیں  جسم زندہ ہی رہے  گا، معذور ہو یا بوڑھا یا بیمار وہ زندہ رہنے  پہ مجبور ہے  جب تک اس کے  جسم میں  روح باقی ہے  وہ زندہ ہے۔ لہذا جسم یا اجسام میں  زندگی کا سبب روح ہے۔


(101)۔ موت کی تعریف

  نظریہ نمبر۔ ﴿135﴾۔ ﴿مادی جسم سے  روح کے  خارج ہو جانے  کا نام موت ہے۔ ﴾
موت جسم پہ طاری ہوتی ہے  یا اجسام موت کا شکار ہوتے  ہیں۔ کسی بھی جسم سے  روح کے  خارج ہو جانے  پر جسم موت کا شکار ہو جاتا ہے۔
بے  ہوشی، بیماری، نیند، کوما کی کیفیت موت نہیں  ایسی تمام حالتوں  میں  انسان زندہ ہوتا ہے۔ بعض دفعہ جسم تندرست ہوتا ہے  کوئی بیماری نہیں  لیکن انسانی جسم موت کا شکار ہو جاتا ہے  ایسا جسم سے  روح کے  خارج ہو جانے  سے  ہوتا ہے۔
موت کی توجیہات پہلے  شاید کچھ مختلف بیان کی جاتی تھیں  یعنی طبعی موت، پیدائش میں  پیچیدگی، کوئی حادثہ، بیماری یا قتل، کوئی نہ کوئی سبب موت کا ضرور بیان کیا جاتا ہے  لیکن یہ تمام وجوہات موت کے  اسباب تو ہو سکتے  ہیں  لیکن یہ اسباب موت کی وجہ نہیں  ان اسباب کے  سبب موت واقع نہیں  ہوتی۔ ان تمام وجوہات کے  باوجود روح جسم میں  ہے  تو انسان زندہ ہے۔ روح کے  جسم سے  نکل جانے  کا نام موت ہے  وہ جسم چاہے  کتنا ہی تندرست و توانا اور زندگی سے  لبریز کیوں  نہ ہو، جسم چاہے  کسی بچے  کا ہو یا بوڑھے  کا یا کسی جوانِ رعنا کا  روح کے  اس جسم سے  خارج ہونے  سے  یہ جسم مردہ ہے۔  جو چند دن بعد نابود ہو جائے  گا۔ جسم کے  اعضا ء مٹ جائیں  گے  خلئے  منتشر ہو جائیں  گے  ایک نظر آنے  والا حقیقی وجود نظروں  سے  اوجھل ہو جائے  گا، ایسے  کہ نشان بھی نہ رہے  گا۔ روح جسم میں  تھی تو جسم جسم تھا موجود تھا نظر آ رہا تھا حرکت کر رہا تھا اور جب روح جسم سے  خارج ہو گئی تو جسم بے  حرکت ہو گیا اور پھر بے  نشان ہو کر مٹ گیا جیسے  کچھ تھا ہی نہیں۔
لیکن اس فرق کو سمجھنا ضروری ہے  کہ
مادی جسم میں ’’ موت‘‘ کی صورت میں  اگرچہ روح کی عدم موجودگی موت ہے 
لیکن جسم میں روح کی ’’محض‘‘ عدم موجودگی موت نہیں ہے  کیونکہ روح تو جسم میں  آتی جاتی رہتی ہے۔ یعنی جسم میں  روح کی عدم موجودگی کی مزید صورتیں  بھی ہیں  جو کہ موت نہیں  ہیں


102۔ جسم میں  روح کی عدم موجودگی

نظریہ نمبر:۔ ﴿136﴾۔ ﴿ جسم میں  روح کی عدم موجودگی کی مزید صورتیں  بھی ہیں  جو کہ موت نہیں  ہیں۔ ﴾
موت کے  علاوہ جسم میں  روح کی عدم موجودگی کی مزید درج ذیل صورتیں  بھی ہیں۔
(i)   خلیاتی تخریب          (ii)   فالج              (iii)   نیند، بیہوشی         

(i)۔ خلیاتی تخریب
نظریہ نمبر:۔ ﴿137﴾۔ ﴿خلیہ میں  روح کی عدم موجودگی سے  خلیہ کی موت واقع ہو جاتی ہے ، یا خلیات میں  روح کی عدم موجودگی سے  خلیات کی موت واقع ہو جاتی ہے۔ لیکن خلیہ یا خلیات کی موت جسم کی موت نہیں  ہے۔ ﴾
جب کہ عموماً یہ خیال کیا جاتا ہے  کہ موت حیاتیاتی خلیات کی تخریب کا وقت ہے۔
جسم انسانی میں  تمام تر خلیات کی تخریب و تعمیر کا عمل پوری زندگی میں  تقریباً سات بار ہوتا ہے  یعنی پرانے  خلیے  مرجاتے  ہیں  نئے  ان کی جگہ لے  لیتے  ہیں۔ اگر ہم خلیات کی تخریب کو موت تصور کریں  تو اس حساب سے  انسان پوری زندگی میں  سات بار مرتا ہے اور سات بار جیتا ہے۔ خلیوں  کی تعمیر و تخریب کا عمل پوری زندگی جاری رہتا ہے  لہذا خلیوں  کی تخریب و تعمیر کا عمل موت کا عمل نہیں  ہے  بلکہ زندگی کا عمل ہے  یعنی نہ تو خلیے  کی موت انسان کی موت ہے  نہ ہی خلیاتی تخریب موت کا سبب ہے۔ بلکہ خلیوں  کی تخریب و تعمیر کا عمل زندگی میں  جسم میں  جاری رہتا ہے۔
درحقیقت خلیہ یا خلیات میں  روح کی عدم موجودگی سے  محض خلیہ یا خلیات کی موت ہوتی ہے  جس کی تفصیل ہم پچھلے  صفحات میں  بیان کر آئے  ہیں۔ یعنی خلیہ ایک جاندار وجود ہے  جو اپنا کام جانتا ہے  اپنا کام کر رہا ہے اور ہر خلیے  کے  پاس یہ حرکت و عمل کا پروگرام روح کا پروگرام ہے۔ لہذا خلیہ میں  روح کی عدم موجودگی سے۔
(1)   خلیہ اپنا کام بند کر دیتا ہے 
(2)   بے  حرکت ہو جاتا ہے 
(3)   مر جاتا ہے۔
لیکن محض خلیہ یا خلیات کی موت سے  جسم مردہ نہیں  ہوتا خلیہ میں  روح کی عدم موجودگی محض خلیہ کی موت ہے۔ اور محض خلیہ کی موت جسم کی موت نہیں  ہے۔

(ii)۔ فالج
نظریہ نمبر۔ ﴿137﴾۔ ﴿جسم کے  کسی حصے  میں  روح کی عدم موجودگی جسم کے  اس حصے  کی موت ہے  لیکن یہ جسم کی موت نہیں ﴾
یعنی جسم کے  کسی حصے  یا عضو سے  روح کے  خارج ہو جانے  سے  اس حصے  کی موت واقع ہو جاتی ہے  لہذا وہ حصہ
۱۔ اپنا کام بند کر دیتا ہے۔
۲۔ بے  حرکت ہو جاتا ہے
۳۔ مر جاتا ہے
لہذا اس حصے  میں  روح تھی جس کی وجہ سے  وہ حصہ  یا عضو
۱۔ متحرک تھا
۲۔ اپنا کام کر رہا تھا
۳۔ زندہ تھا
لہذا جسم کے  کسی حصے  میں  روح کی عدم موجودگی اس حصے  کی موت ہے۔
لیکن جسم کے  کسی حصے  کی موت بھی جسم کی موت نہیں  ہے۔

(iii) نیند
نظریہ نمبر:۔ ﴿138﴾۔ ﴿ جسم میں  روح کی عدم موجودگی کی ایک کیفیت نیند کی بھی ہے  حالت نیند میں  روح جسم سے  علیحدہ ہوتی ہے  لیکن یہ روح کی جسم سے  وقتی علیحدگی کی کیفیت ہے اور روح کی اس وقتی علیحدگی سے  جسم موت کا شکار نہیں  ہوتا بلکہ جسم پہ نیند کی کیفیت طاری ہو جاتی ہے۔ ﴾
نیند اور بے  ہوشی کی کیفیات جسم میں  روح کی عدم موجودگی کی کیفیات ہیں۔ لیکن ان کیفیات میں  روح کی عدم موجودگی کے  باوجود انسان زندہ ہوتا ہے  یعنی نیند یا بیہوشی کی تمام تر کیفیات موت کی کیفیات نہیں  ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے  کہ نیند یا بے  ہوشی کی حالت میں  اگرچہ روح اور نفس (AURA) جسم کو چھوڑ گئے  ہیں  لیکن مستقل طور پر نہیں۔ ان کیفیات میں  اگرچہ ایک مردہ انسان کی طرح انسان بے  حرکت و عمل ہوتا ہے اور روح اور (AURA) اگرچہ جسم سے  چلے  گئے  ہیں  لیکن جسم سے  برا ہ راست رابطے  میں  ہیں۔ اور اسی رابطے  کی وجہ سے  جسم میں  زندگی موجود ہے۔
اگر روح اور نفس(AURA) جسم سے  یہ رابطہ منقطع کر لیں  تو نیند یا بے  ہوشی موت میں  تبدیل ہو جائیں  گی۔ اگر یہ روح اور نفس کا رابطہ جسم سے  جڑا رہے  تو چاہے  برسوں  جسم کو ما یا بے  ہوشی میں  رہے  وہ زندہ ہی رہے  گا۔
لہذا جسم میں  روح کی صرف عدم موجودگی موت نہیں  کیونکہ روح تو نیند بے  ہوشی وغیرہ کی صورت جسم میں  آتی جاتی رہتی ہے  لہذا فالج نیند یا بیہوشی، حادثہ یا بیماری موت کے  اسباب نہیں۔ نہ ہی خلیاتی تخریب سے  موت واقع ہوتی ہے۔ لہذا روح کی جسم میں  عدم موجودگی سے  فقط نیند، بے  ہوشی وغیرہ کی کیفیات نمودار ہوتی ہیں۔
یعنی روح کی جسم میں  فقط عدم موجودگی بھی موت نہیں۔
تو پھر موت کیا ہے ؟


103۔ موت کیا ہے

نظریہ نمبر:۔ ﴿140﴾۔ ﴿ روح کی جسم سے  مستقل علیحدگی موت ہے۔ ﴾
جب روح جسم سے  مستقل طور پر علیحدہ ہو جاتی ہے  تب جسم پر موت واقع ہو جاتی ہے۔
جب کہ بے  ہوشی یا نیند کی حالت میں  روح اگرچہ جسم سے  علیحدہ ہوتی ہے  لیکن مستقلاً نہیں  بلکہ یہ جسم سے  اپنا رابطہ برقرار رکھتی ہے  یہی وجہ ہے  کہ ان حالات میں  روح کی عدم موجودگی کے  باوجود اگرچہ جسم بظاہر بے  حرکت نظر آتا ہے  لیکن وہ نہ صرف زندہ ہوتا ہے  بلکہ اس میں  حرکت بھی موجود ہوتی ہے۔ روح کی جسم سے  وقتی علیحدگی کی وضاحت تو ہو گئی لیکن موت یعنی روح کی جسم سے  مستقل علیحدگی کو جاننے  کے  لئے  ہمیں  یہ سمجھنا ہو گا کہ روح جسم سے  کیسے  مربوط ہے۔ اور یہ رابطہ موت کی صورت میں  مستقل طور پر کب اور کیسے  ٹوٹتا ہے۔


104۔ روح کا رابطہ

نظریہ نمبر:۔ ﴿141﴾۔ ﴿ روح ایک برقی تار کے  ذریعے  جسم سے  مربوط ہے۔ ﴾
روح انرجی ہے اور اگرچہ روح خود جسم سے  باہر ہے  لیکن یہ انرجی یعنی روح خود اور نفس(AURA) کی صورت پورے  جسم میں  بھی دور کر رہی ہے۔
اور یہ روح و نفس جسم سے  ایک برقی تار کے  ذریعے  جڑا ہوا ہے  جسم میں  روح کا یہ برقی سسٹم بالکل بجلی کے  سسٹم جیسا ہے۔ جیسے  بیرونی بجلی تاروں  کے  ذریعے  پورے  گھر میں  سپلائی ہو رہی ہوتی ہے  بالکل اسی طرح روح کی بیرونی انرجی ایک برقی سسٹم کے  تحت جسم کے  اندر کام کر رہی ہے۔
لہذا جب روح و نفس (AURA) نیند یا بے  ہوشی کی صورت میں  جسم سے  نکلتے  ہیں  تو یہ برقی تار یا انٹینا جسم سے  جڑا رہتا ہے۔ اور اسی مسلسل برقی رابطے  کے  ذریعے  روح و نفس جسم سے  باہر ہونے  کے  باوجود مادی جسم سے  مسلسل مربوط رہتے  ہیں۔ مادی جسم اور روح و نفس کے  اس رابطے  کی مثال بالکل  ٹی وی اور اس کے  انٹینے  جیسی ہے۔ لہذا اسی برقی رابطے  کی وجہ سے  جسم برسوں  کوما میں  پڑے  رہنے  کے  باوجود زندہ ہوتا ہے۔
روح ایک برقی تار کے  ذریعے  جسم سے  مربوط تو ہے  لیکن کیا کسی حادثے  یا بیماری سے  یہ رابطہ ٹوٹتا ہے ؟
اس کا جواب ہے  نہیں۔
کسی حادثے  یا بیماری سے  یہ رابطہ نہیں  ٹوٹ سکتا
تو پھر یہ رابطہ کب ٹوٹتا ہے ؟ اور کیسے  ٹوٹتا ہے ؟


105۔ موت کا وقت

نظریہ نمبر:۔ ﴿142﴾۔ ﴿ مسودۂ زندگی (تقدیر) کا اختتام موت کا وقت ہے۔ ﴾
یعنی موت پہلے  سے  طے  شدہ پروگرام کے  مطابق اپنے  وقت پر واقع ہوتی ہے۔
جب ہم یہ کہتے  ہیں  کہ کل یہ انسان ٹھیک ٹھاک تھا اور آج یہ اچانک دل کا دورہ پڑنے  سے  یا حادثے  میں  مرگیا تو موت کے  بارے  میں  ہمارا یہ تصور ٹھیک نہیں  ہے۔
کسی بھی حادثے  یا بیماری سے  انسان اچانک نہیں  مرتا بلکہ اس کی موت تو پہلے  سے  طے  شدہ پروگرام ہے۔ انسانی زندگی کی ابتداء سے  انتہا یعنی انسان کی زندگی کے  پہلے  دن سے  موت تک کا پروگرام اس کی تقدیر میں  لکھا ہوا تھا اور روح تقدیر کا یہ ریکارڈ پروگرام جسم کو بھیج رہی تھی اور روح کے  اسی پروگرام پہ انسان اپنے  (نفس) ارادے  سے  رد و بدل کر کے  حرکت و عمل کر رہا تھا۔ انسان کو روح کی طرف سے  جو حرکت و عمل کا پروگرام مل رہا تھا جب وہ تحریر شدہ پروگرام(تقدیر) مکمل ہو گیا، ختم ہو گیا لہذا اب روح کی طرف سے  جسم کو حرکت و عمل کے  لیے  کوئی پروگرام کوئی اطلاع نہی ملے  گی لہذا جسم میں  نہ تو کوئی حرکت نمودار ہو گی نہ ہی انسان اپنے  ذاتی ارادے  کے  استعمال کے  قابل رہا ہے۔ لہذا روح کے  مرتب پروگرام (تقدیر) کا اختتام دراصل زندگی کا اختتام ہے۔ اور مسودہ زندگی کا اختتام دراصل موت کا وقت ہے۔ یہ مسودہ زندگی پہلے  سے  مرتب مخصوص صفحات کی کتاب تھی جس کا اب اختتام ہو گیا ہے۔
اسی مرتب تحریر یعنی تقدیر کے  موصول ہونے  کے  بعد انسان اپنے  ذاتی ارادے  سے  اس میں  رد و بدل کر کے  عمل کر رہا ہے اور اس کا یہ عمل ریکارڈ ہو رہا ہے۔ لہذا یہ مخصوص صفحات کی کتاب ختم ہوئی تو انسان کی زندگی کی ریکارڈنگ بھی ختم ہو گئی یعنی زندگی کی فلم مکمل ہو گئی لہذا زندگی کا اختتام ہو گیا۔ اب زندگی کے  اختتام پر موت کے  عمل کا آغاز ہو گا۔


106۔ ری وائینڈ

نظریہ نمبر:۔ ﴿143۔  ﴿زندگی کی فلم مکمل ہونے  کے  بعد ری وائینڈ ہو گی۔
روح کے  پاس  انسانی زندگی کی حرکت و عمل کا مکمل مرتب پروگرام (تقدیر) ہے۔ اسی تحریری اطلاع کے  ملنے  کے  بعد انسان اس اطلاع میں  مثبت یا منفی رد و بدل کر کے  حرکت و عمل کرتا ہے اور یوں اس کی حرکت و عمل، اعمال کی صورت میں  ریکارڈ ہوتی جاتی ہے۔ لہذا جب حرکت و عمل کا یہ مرتب پروگرام اختتام کو پہنچتا ہے  تو جسمانی حرکت و عمل کا بھی اختتام ہو جاتا ہے۔ لہذا جیسے  ہی روح کے  مرتب پروگرام سے  آخری عمل کی اطلاع آ جاتی ہے اور اس اطلاع پہ آخری عمل بھی مکمل ہو جاتا ہے  تو یہ فلم مکمل ہو جاتی ہے۔
اور یہ اعمال کی فلم تکمیل کے  بعد ری وائینڈ ہوتی ہے۔
جیسے  کیمرے  کی آخری تصویر کھنچ جانے  کے  بعد فلم خود بخود ری وائینڈ ہوتی ہے  بالکل اسی طرح زندگی کی فلم مکمل ہو چکنے  کے  بعد ری وائینڈ ہوتی ہے۔ جب ہم وی سی آر پر فلم دیکھتے  ہوئے  اسے  ری وائینڈ کرتے  ہیں  تو ہماری نظروں  کے  سامنے  سے  کئی گھنٹوں  کی فلم کے  مناظر بڑی تیز رفتاری کے  ساتھ منٹوں  میں  گزر جاتے  ہیں۔ بالکل اسی طرح جب انسانی فلم مکمل ہونے  کے  بعد ری وائینڈ ہوتی ہے  تو ہم اس کا مشاہدہ کرتے  ہیں اور پوری زندگی کے  گذشتہ تمام واقعات تیزی سے  نظروں  کے  سامنے  سے  گزرتے  ہیں۔ لہذا یہ وقت ہے  زندگی کے  اختتام کا۔
 اب زندگی کی فلم مکمل ہو کر ری وائینڈ بھی ہو گئی اب کیا ہو گا۔


107۔ فیتہ کاٹ دیا گیا

نظریہ نمبر:۔ ﴿144﴾۔ ﴿ موت کے  آرڈر پر برقی تار کاٹ دیا گیا۔ ﴾
زندگی کی فلم مکمل ہونے  کے  بعد جب ری وائینڈ ہو چکی تو موت کے  آرڈر پراس زندگی کی فلم کا فیتہ کاٹ دیا گیا۔
اس برقی تار (رگِ دل) کے  کٹتے  ہی روح و نفس جو اس برقی تا ر سے  جسم سے  جڑے  تھے   الگ ہو گئے۔ روح جسم سے  نکل گئی اس برقی تار کے  کٹتے  ہی روح و جسم کا رابطہ مستقل طور پر منقطع ہو جاتا ہے۔ اور یہی روح و جسم کی مستقل علیحدگی موت ہے۔ روح جو جسم کی انرجی جسم کی حرکت و عمل کا پروگرام تھی وہ جسم سے  نکل گئی وہ برقی تار کاٹ دی گئی جس کے  ذریعے  روح کی بجلی پورے  جسم میں  دوڑ رہی تھی اس برقی تار کے  کٹنے  سے  جسمانی بجلی کا سسٹم ختم ہو گیا۔ اس برقی تار کے  کٹتے  ہی روح جسم کو خیرباد کہہ دے  گی اور یہی موت ہے۔ ورنہ بے  ہوشی یا نیند کی حالت میں  اگرچہ روح جسم سے  چلی جاتی ہے  لیکن اس برقی تار کی وجہ سے  روح و جسم کا رابطہ قائم رہتا ہے۔ لہذا جب تک روح جسم سے  یہ برقی رابطہ جوڑے  رکھتی ہے  تو انسان چاہے  برسوں  بے  ہوش رہے  وہ زندہ رہتا ہے۔ لیکن جب روح کا یہ برقی کنکشن کٹ جاتا ہے  تو جسم موت کا شکار ہو جاتا ہے۔ چاہے  وہ جسم تندرست و توانا ہی کیوں  نہ ہو۔ اس برقی کنکشن کے  کٹتے  ہی یہ تندرست و توانا جسم بے  حرکت و عمل ہو جائے  گا۔ ختم ہو جائے  گا۔ لہذا جب زندگی کی فلم مکمل ہو گئی تو فیتہ کاٹ دیا گیا لیکن ابھی موت کا عمل مکمل نہیں  ہوا اب دیکھنا یہ ہے  کہ برقی تار کے  کٹنے  کے  بعد کیا ہوا؟یہ فیتہ کٹ جانے  کے  بعد بھی موت کا عمل جاری ہے۔
   

                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                                

108۔ موت کا عمل

نظریہ نمبر:۔ ﴿145﴾۔ ﴿ جسم سے  روح کے  نکلنے  کا عمل موت کا عمل ہے۔ ﴾
لہذا برقی تار کے  کٹتے  ہی روح جسم سے  نکل رہی ہے۔ چونکہ جسم پر موت روح کے  نکلنے  سے  واقع ہوتی ہے  لہذا موت کا عمل جسم سے  روح کے  نکلنے  کا عمل ہے۔ لہذا وہ روح جو جسم کے  ہر یونٹ ہر خلیے  میں  تھی اسی روح کے  جسم کے  ہر خلیے  ہر رگ و ریشے  سے  نکلنے  کا عمل موت کا عمل ہے۔ اور جسم کے  ہر رگ و ریشے  سے  روح کے  نکلنے  کا عمل ایک طویل اور پیچیدہ عمل ہے۔
جب کسی اچانک حادثے  یا بیماری کے  سبب کوئی مر جاتا ہے اور ہم اس کی موت کا اعلان کر دیتے  ہیں  تو اس اچانک موت کا سبب ہرگز کوئی حادثہ یا بیماری نہیں  بلکہ موت کا پروگرام تو طے  شدہ پروگرام تھا۔ یہ جسے  ہم اچانک موت کہہ رہے  ہیں  جس کا سبب ہم نے  بیماری یا حادثہ قرار دیا ہے  اس موت کا عمل تو بہت پہلے  سے  شروع ہو چکا ہے اور موت کے  اعلان کے  بعد بھی جاری ہے۔
جسم موت کا شکار ہوتا ہے اور جیسے  طویل تخلیقی مراحل سے  گزر کر جسم عدم سے  وجود میں  آیا تھا اسی طرح اب یہ جسم موت کے  طویل مراحل سے  گزر کر وجود سے  عدم ہو گا۔
لہذا موت کا عمل شروع ہو رہا ہے  برقی تار کے  کٹنے  سے۔ لہذا برقی تار کے  کٹتے  ہی روح جسم سے  نکل رہی ہے۔


109۔ روح کی واپسی

نظریہ نمبر:۔ ﴿156﴾۔  ﴿روح ناک کے  راستے  جسم سے  باہر نکلے  گی۔ ﴾
روح کوئی ٹھوس شے  نہیں  روح جسم میں  ایسے  ہی ہے  جیسے  بجلی پورے  گھر میں  تاروں  کے  ذریعے  دوڑ رہی ہے  ہر شے  بجلی سے  متحرک و روشن ہے۔ ایسے  ہی روح   بجلی کی طرح جسم کے  ہر خلیے  ہر یونٹ میں  دوڑ رہی ہے۔ ہر خلیے  ہر عضو کو متحرک، منظم، مربوط اور زندہ رکھے  ہوئے  ہے۔ اب ہر ہر خلیے  سے  روح نکلے  گی۔ یعنی جسم کا ہر زرہ ہر خلیہ جسم کی موت کے  ساتھ انفرادی موت کا شکار بھی ہو گا۔ لہذا جسم کے  ہر ذرے  ہر خلیے  میں  ٹوٹ پھوٹ، کھنچاؤ، بے  چینی، ہر رگ و ریشے  میں  تکلیف ہو گی۔ گھٹن گھبراہٹ اور بے  چینی کی کیفیت میں  آنکھیں  پھیل کر چاروں  طرف گھومنے  لگتی ہیں۔ کہ ہے  کوئی بچاؤ کا راستہ، ہے  کوئی جھاڑ پھونک کرنے  والا۔ اب وہ حال ہے  کہ جھاڑ پھونک کو بد عقیدگی تصور کرنے  والے  اس پر بھی آمادہ نظر آتے  ہیں۔ مرنے  والے  کی خواہش ہے  کہ وہ کسی بھی قیمت پر اس کیفیت سے  چھٹکارا پا سکے۔
 جسم کھنچ کر اکٹھا ہو رہا ہے۔
پنڈلی سے  پنڈلی لپٹ رہی ہے۔
یہ تمام تر کیفیات جسم سے  روح کے  اخراج کی ہیں۔ جسم کے  ہر رگ و ریشے  سے  روح نکلنے  کا عمل ایسے  ہی ہے  جیسے  کانٹے  دار جھاڑی پہ باریک کپڑا ڈال دیا جائے اور پھر اسے  کھینچنے  کی کوشش کی جائے اور اس کوشش میں  وہ تار تار ہو جائے۔ اب جو روح جسم  کے  ہر رگ و ریشے  سے  کھنچی جا رہی ہے  تو جسم کی کیفیت اسی بوسیدہ کپڑے  کی سی ہے  یعنی تار تار۔ لہذا جسم سے  روح نکل رہی ہے  تو سب سے  پہلے  ٹانگوں  سے  جان نکلے  گی
ٹانگوں  سے  نکلنا شروع ہو گی اور اوپر کی طرف سرکے  گی۔
 لہذا ہر خلیے  ہر جوڑ سے  سرکتے  سرکتے  اب یہ جان (روح) گلے  تک آ پہنچی۔
۔ (روح) گلے  تک آ پہنچی
اب گلے  میں  ایسا محسوس ہو رہا ہے  جیسے  کچھ اٹک رہا ہے  گلے  میں  کوئی گولا سا پھنس رہا ہے  جس کی وجہ سے  سانس رکتی محسوس ہو رہی ہے۔ کھینچ کر سانس لینا پڑ رہا ہے۔ یہ گلے  میں  جو گولا سا پھنس رہا ہے  یہ آپ کی جان(روح) ہے  جو گلے  تک آ پہنچی۔ لہذا اب یہ جان (روح) گلے  سے  مزید آگے  سرکے  گی تو سر میں  آ جائے  گی اور پھر سر  کے  درمیان سے  سرک کر یہ پیشانی کے  بیچ میں  یعنی پیشانی میں  آ جائے  گی۔ اب ایسا محسوس ہو رہا ہے  کہ پیشانی کے  بیچ میں  خلاء سا بن گیا ہے  ما تھا ٹھنڈا محسوس ہو رہا ہے۔ اب روح (جان) پیشانی سے  مزید آگے  سرکے  گی اور پیشانی سے  سرک کر ناک میں  آ گئی۔
ناک میں  آ گئی
اب یہ کیفیت ہے  کہ روح ناک کے  راستے  نکلنا ہی چاہتی ہے۔ یہ کیفیت کچھ ایسی ہے  جیسے  زکام کے  وقت ناک سے  پانی ٹپکتا ہے۔ ناک سے  پانی ٹپکنے  کے  احساس کے  ساتھ انسان جلدی سے  ناک کے  نیچے  ہاتھ رکھ لیتا ہے۔ اب بالکل یہی کیفیت ہے۔ اب روح ناک کے  راستے  نکلنا ہی چاہتی ہے۔ لہذا روح نکلنے  کے  احساس کے  وقت غیر اختیاری طور پر انسان ایسے  ہی ناک کے  نیچے  ہاتھ رکھ لیتا ہے  جیسے  پانی ٹپکنے  کے  احساس سے  رکھ لیتا ہے۔ بعض اوقات یوں  محسوس ہوتا ہے  جیسے  یہ نتھنوں  کو چیر کر نکلنا چاہتی ہے۔ لہذا برقی تار کٹتے  ہی روح ناک سے  باہر ہو جائے  گی۔ اور انسانی مادی جسم محض لمبا سا سانس کھینچ کر بے  جان رہ جائے  گا۔ بغیر روح کے ! جیسے  کسی بھی مشین میں  فقط ایک بٹن بند کرنے  سے  بجلی یکلخت بند ہو جاتی ہے  بالکل اسی طرح ایک آرڈر (موت کا حکم) کے  ذریعے  موت پیروں  سے  ابتدا کر کے  ناک کے  ذریعے  یکلخت جسم سے  باہر نکل جاتی ہے۔ بالکل بجلی یا ہوا کی طرح یہ عمل سیکنڈوں  کا ہے۔
لیکن یہ لمحوں  کا عمل لمحوں  میں  بھی ظہور میں  آ سکتا ہے اور یہ لمحوں  کا عمل ہفتوں  مہینوں  پر بھی مشتمل ہو سکتا ہے۔ اچھے  لوگوں  کی روح لمحوں  میں  ہوا کی طرح نکل جاتی ہے۔ برے  لوگوں  کی روح ہفتوں، مہینوں  میں  جوڑ جوڑ سے  سرکتی ہے  جیسے  کانٹے  دار جھاڑی سے  باریک کپڑا گھسیٹا جا رہا ہو۔ جوڑ جوڑ میں  تکلیف  
گھبراہٹ بے  چینی کبھی ایک حصے  سے  جان گئی تو ہفتوں  بعد دو سر سے۔ یعنی لمحوں  کا عمل مہینوں  پہ محیط ہو گیا۔
اب وہ روح جو بجلی کی طرح پورے  جسم میں  دوڑ رہی تھی وہ روح برقی تار کے  کٹتے  ہی جسم کے  ہر رگ و ریشے  سے  (طویل مراحل طے  کر کے  )خارج ہو گئی۔
لیکن روح کے  خارجِ جسم ہو جانے  کے  بعد بھی موت کا عمل مکمل نہیں  ہوا بلکہ جسم میں  ابھی موت کا عمل جاری ہے۔
جسم سے  روح نکلنے  کا عمل تو مکمل ہو گیا اب دیکھنا یہ ہے  کہ اس کے  بعد موت کا کونسا مرحلہ باقی ہے۔


110۔ جسم سے  روح نکل جانے  کے  بعد

نظریہ نمبر۔ ﴿147﴾۔ ﴿جسم سے  روح نکل جانے  کے  بعد جسم مزید دو کیفیات کا شکار ہو گا۔ یا جسم سے  روح نکل جانے  کے  بعد جسم پہ مزید دو کیفیتیں  نمودار ہوں گی

(i  بے  حرکت۔
(ii  انتشار۔ ﴾

 (i  بے  حرکت
نظریہ نمبر۔ ﴿148﴾۔ ﴿جسم سے  روح کے  اخراج کے  بعد جسم کی پہلی کیفیت حرکت و عمل کا مفقود ہونا ہے۔ ﴾
روح کے  جسم سے  خارج ہو جانے  کے  بعد مادی جسم پر جو پہلی کیفیت طاری ہوتی ہے  وہ  حرکت و عمل کا مفقود ہونا ہے۔ ایک چلتا پھر تا، سوچتا سمجھتا، حرکت کرتا وجود  روح کے  خارج جسم ہو جانے  سے  یکلخت بے  حرکت ہو جاتا ہے۔ بے  عمل ہو جا تا ہے۔ کوما بے  ہوشی یا نیند کی کیفیت میں  اگرچہ بظاہر جسم بے  حرکت ہوتا ہے  لیکن جسم میں  جان اور حرکت موجود ہوتی ہے۔ جب کہ روح کے  جسم سے  مستقل اخراج کے  بعد جسم بالکل بے  حرکت ہو جاتا ہے۔ اب اس جسم کے  ٹکڑے  ہی کیوں  نہ کر دیں  اس میں  کوئی حرکت پیدا نہیں  ہو سکتی۔  لیکن فقط حرکت و عمل کے  مفقود ہونے  سے  موت کا عمل مکمل نہیں  ہو جاتا بلکہ موت کا عمل ابھی جاری ہے۔ موت کے  عمل کا اگلا مرحلہ ہے  انتشار۔

(ii  انتشار
نظریہ نمبر۔ ﴿149﴾۔ ﴿جسم سے  روح نکل جانے  کے  بعد موت کا دوسرا مرحلہ ہے  انتشار یعنی مادی جسم میں  تغیر کا رونما ہونا۔ ﴾
روح کے  جسم سے  خارج ہونے  کے  بعد دوسری کیفیت جو شروع ہوتی ہے  وہ ہے  خلیوں  کا انتشار۔ جسم کا جوڑ جوڑ خلیہ خلیہ منتشر ہونے  لگتا ہے  جو خلیے  روح کی وجہ سے  مرکب تھے  روح کے  جسم سے  جانے  کے  بعد اب وہ مرکب نہیں  رہ سکتے  لہذا خلیہ خلیہ منتشر ہو گیا بکھر گیا اور اس انتشار کے  نتیجے  میں وجود  وجود نہ رہا بے  نشان ہو گیا کچھ بھی نہ بچا۔
کچھ عرصے  بعد ڈھونڈئیے  نظر آنے  والے  گوشت پوست کے  وجود کا نشان بھی نہ ملے  گا کہ کہاں  گیا کیسے  گیا۔ روح کے  نکلتے  ہی یہ کیسا انتشار برپا ہوا ہے  کہ
وجود کا وجود ہی نہ رہا۔ (زندگی میں  خلیوں  کی تخریب اور موت واقع ہونے  کے  بعد خلیوں  کی تخریب میں  فرق ہے۔ زندگی میں  خلیوں  کی تخریب کے  عمل  میں تمام خلیے  یکدم نہیں  مرتے  بلکہ یکے  بعد دیگرے  مرتے اور تعمیر ہوتے  رہتے  ہیں یہ خلیوں  کی تعمیر و تخریب موت کا نہیں  بلکہ زندگی کا عمل ہے  لہذا کوما  میں  برسوں  پڑا رہنے  والا وجود جوں  کا توں  موجود ہوتا ہے  جب کہ موت کی صورت میں  روح کے  مستقل طور پر خارج از جسم ہو جانے  کے  بعد تمام تر خلیے  مر جاتے  ہیں اور ان کی جگہ خلیوں  کی دوبارہ تعمیر نہیں  ہوتی۔ تمام تر خلیے  مر کر مستقل طور پر فنا ہو جاتے  ہیں۔
یہی وجہ ہے  کہ موت کے  بعد انتشار کا پروگرام مکمل ہوتا ہے  تو پورے  وجود کا نشان بھی نہیں  بچتا حتی کہ گوشت پوست کے  علاوہ ہڈیاں  تک اس انتشار کا شکار ہو جاتی ہیں۔ پورا وجود ایسے  ذروں  میں  بکھرتا ہے  کہ کچھ دنوں  میں  ہی پورے  وجود کا کہیں  نشان بھی نہیں  ہوتا)۔ موت کی صورت میں  روح کے  مستقل طور پر خارج از جسم ہونے  سے  موت کی یہ دونوں  کیفیات جنم لیتی ہیں اور موت کا عمل مکمل ہوتا ہے اور اسی کو موت کہتے  ہیں۔ ورنہ برسوں  لوگ بے  حرکت و عمل پڑے  رہتے  ہیں  لیکن ان کا وجود برقرار رہتا ہے  برسوں  کوما میں  رہتے  ہیں  لیکن نہ تو مرتے  ہیں  نہ وجود منتشر ہوتا ہے  اس لئے  کہ ان پر موت طاری نہیں  ہوئی روح جسم میں  موجود ہے۔ لہذا موت کا عمل واقع نہیں  ہوا لہذا فقط بے  حرکت و بے  عمل ہونے  سے  بھی موت واقع نہیں  ہوتی یا موت بے  حرکت و عمل ہو جانے  کا نام بھی نہیں  ہے۔ جب تک موت کا عمل مکمل نہیں  ہو گا موت واقع نہیں  ہو گی چاہے  کوئی بھی حادثہ ہو جائے۔ لہذا
۱۔ جسم کے  ہر یونٹ ہر خلیے  کے  پاس روح کا پروگرام تھا۔
۲۔ جسم روح کی وجہ سے  زندہ تھا۔
۳۔ خلیوں  کو باہم مرکب کر کے  جسم ترتیب دینے  والی بھی روح تھی۔
لہذا روح کی عدم موجودگی سے
۱۔ خلیہ اپنا کام نہیں  کر سکتا۔
۲۔ زندہ نہیں  رہ سکتا۔
۳۔ تمام خلیات باہم مربوط نہیں  رہ سکتے۔
لہذا روح کی مستقل عدم موجودگی یعنی موت کی صورت میں
جسم میں  کوئی حرکت و عمل واقع نہیں  ہو سکتی،
جسم جسمانی حالت میں  مربوط نہیں  رہ سکتا،
یعنی موت کی صورت میں  جسم نہ صرف یہ کہ بے  حرکت و عمل ہو جاتا ہے  بلکہ وجود، وجود سے  عدم ہو جاتا ہے۔ فنا ہو جاتا ہے۔
یہی موت ہے۔ جسم کی موت۔



111۔ موت کا خلاصہ

اب یہاں  تک پہنچ کر موت کی تعریف مکمل ہوئی۔
 ہم تفصیلاً مرحلہ وار بیان کر آئے  ہیں  کہ جسم پہ موت کیسے  واقع ہوتی ہے  جس کا خلاصہ درج ذیل ہے۔
آج تک موت کی وجوہات خلیوں  کی انتہائی تخریب، حادثہ، بیماری وغیرہ بیان کی جاتیں  رہیں  ہیں۔
جب کہ یہاں  نئے  نظریات کے  ذریعے  موت کی تعریف کرتے  ہوئے  ہم نے  وضاحت کی ہے  کہ
۱۔ موت کا سبب خلیاتی تخریب، حادثہ، بیماری (یا دیگر وجوہات )نہیں ہیں۔
۲۔ موت کا واحد سبب روح کی جسم سے  مستقل علیحدگی ہے۔ لہذا جب روح جسم کو مستقل طور پر چھوڑ جاتی ہے  تو جسم موت کا شکار ہو جاتا ہے۔
۳۔ انسانی موت کسی بھی حادثے  یا بیماری کی وجہ سے  اچانک واقع نہیں ہو جاتی بلکہ موت ایک طویل اور پیچیدہ مرحلہ ہے   جو بہت پہلے  سے  طے  شدہ پروگرام ہے۔
لہذا اچانک نہیں  بلکہ طے  شدہ وقت پہ موت کا عمل شروع ہو جاتا ہے۔
یعنی کوئی نہیں  جانتا کہ یہ صحیح و سالم شخص اچانک مرنے  والا ہے  نہ ہی اس کی طبعی موت کا اعلان ہوا ہے  لیکن موت کا وقت (یعنی روح کی واپسی)آ گیا ہے  لہذا صحیح و سالم شخص کے  اندر موت کا عمل شروع ہو گیا ہے   لہذا
۴۔ کتابِ تقدیر کا اختتام ہوا۔
۵۔ اب روح کے  مرتب پروگرام(تقدیر)سے  عمل کی آخری اطلاع آئے  گی۔
۶۔ آخری عمل مکمل ہوتے  ہی۔
۷۔ زندگی کی فلم ری وائنڈ ہو گی۔
۸۔ پھر برقی تار(رگِ دل) کاٹ دی جائے  گی۔
۹۔ روح جسم سے  الگ ہو جائے  گی۔
۱۰۔ روح  ناک کے  راستے  جسم سے  باہر نکلے  گی۔
۱۱۔ برقی تار کے  کٹتے  ہی جسم کے  ہر رگ و ریشے  سے  روح نکلنے  کا عمل لمحوں  میں  بھی مکمل ہو سکتا ہے اور ہفتوں  مہینوں  پہ مشتمل تکلیف دہ اور طویل مرحلہ بھی ہو سکتا ہے۔
جسم سے  روح نکل جانے  کے  بعد یعنی موت کے  اعلان کے  بعد
۱۲۔ جسم ہمیشہ کے  لئے  بے  حرکت و عمل ہو جاتا ہے۔
۱۳۔ جسم کا ہر ہر خلیہ جو روح کی وجہ سے  مربوط تھا، منتشر ہو جاتا ہے۔ اور وجود وجود سے  عدم ہو جاتا ہے
یہی موت ہے۔
موت جسم کے  بے  روح، بے  حرکت و عمل اور بے  نشان ہو جا نے  کا نام ہے۔



112۔ جسم کی موت

نظریہ نمبر۔ ﴿150﴾۔ ﴿لیکن یہ موت فقط جسم کی موت ہے۔ جسم موت کا شکار ہوا ہے  انسان نہیں۔ ﴾
انسان تو ابھی زندہ ہے، موجود ہے۔
موت جسم کے  بے  روح، بے  حرکت اور بے  نشان ہو جانے  کا نام ہے اور اس موت کا شکار فقط مادی جسم ہوا ہے۔
اور انسان محض مادی جسم نہیں  ہے۔
انسان روح +نفس+مادی جسم کا مجموعہ ہے۔
ابھی تو محض مادی جسم کی موت ہوئی ہے ۱ابھی باقی انسان یعنی روح و نفس تو باقی ہیں۔
وہ کہاں  گئے۔؟
یہ جاننا ابھی باقی ہے۔

4 comments:

  1. This comment has been removed by the author.

    ReplyDelete
  2. بہت اعلی معلومات نہایت عمدہ جزاک اللہ

    ReplyDelete
  3. بہت ہی شاندار اور معلوماتی تحریر ۔۔ روشن رہیئے بہت بہت دعایئں

    ReplyDelete
  4. لاجواب تحریر۔ خوش رہیئے۔

    ReplyDelete